سندھ مدرسہ یونیورسٹی، 5 وی سیز کے درمیان آج کانٹے کا مقابلہ

August 04, 2020

کراچی (سید محمد عسکری) سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کراچی کے وائس چانسلر کے عہدے کیلئے مختلف جامعات کے 5؍ حاضر سروس وائس چانسلرز کے درمیان منگل 4اگست کوکانٹےکا مقابلہ ہوگا۔ ڈاکٹر قدیر راجپوت کی سربراہی میں تلاش کمیٹی 29؍ درخواستوں میں سے 11؍ امیدوار اہل قرار دے چکی ہے جن میں سے تین ناموں کا انتخاب کرکے وزیر اعلی سندھ کو بھیجیں جائیں گے۔ ان امیدواروں میں موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ، سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح برفت، لیاری یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اختر بلوچ، ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی، ویمن یونیورسٹی سکھر کی قائم مقام وائس چانسلر ثمرین حسین، پروفیسر امداد اسماعیلی، پروفیسر سرفراز سولنگی، پروفیسر رفعیہ سعید ،نبی بخش جمانی اور دیگر شامل ہیں۔ تلاش کمیٹی کے ارکان نے موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کیخلاف دو مدت مکمل ہونے پر ان کیخلاف موصول درخواست مسترد کردی اور کہا گیا کہ وہ پہلی مرتبہ تلاش کمیٹی کے سامنے انٹرویو دیں گے۔ ادھر اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے کہ محکمہ بورڈز و جامعات حیدرآباد یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لئے اشتہار کیوں نہیں دے رہا ہے اور ڈیڑھ سال سے ایک کالج پروفیسر کو کیوں قائم مقام وی سی مقرر کر رکھا ہے۔