کورونا وباء، ارب پتی مزید امیر ہوگئے، خرچ زیادہ نہیں کر رہے

August 04, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) کورونا وائرس کی عالمی وباءکی وجہ سے دنیا بھر کے ارب پتی مزید امیر ہوگئے ہیں اور فلاحی کاموں میں زیادہ خرچ نہیں کررہے ہیں، تاہم دوسری جانب بھارت کے شہر پونے کا ارب پتی پارسی خاندان کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور وہ اس سال کے آخر تک 30سے 40؍ کروڑ ڈوز تیار کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے ۔

برطانوی اخبار کے مطابق 2010ء میں ارب پتیوں کے ایک گروپ نے اپنی آدھی دولت عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم ان کی دولت میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور 2010ء کے بعد سے ایسے ارب پتیوں کی دولت میں 95؍ فیصد اضافہ دیکھنےمیں آیا اور بالخصوص مارچ تا جولائی 2020ء کے دوران ایسے ہی ارب پتیوں کی دولت 214؍ ارب ڈالر (2؍ فیصد ) بڑھ گئی جنہوں اپنی دولت عطیہ کرنے کا عزم کیا تھا۔

دوسری جانب بھارت کے شہر پونے کا ارب پنی پارسی خاندان کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیا کے سی ای او آدار پوناوالا کا کہنا ہےکہ اس سال کے آخر تک 30سے 40؍ کروڑ ویکسین تیاری کا منصوبہ ہے اور ہم ایک ارب ڈوز تیار کرسکتے ہیں ۔