کینٹ ایریاز میں لئی کی صفائی کا عمل شروع نہ ہوسکا، نالیاں اور نالے گندگی سےاٹ گئے

August 04, 2020

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے‘ اپنے رپورٹر سے) کینٹ ایریاز میں لئی کی صفائی کا عمل شروع نہ ہو سکا جبکہ میٹرو پولیٹن راولپنڈی کے علاقوں میں 90فیصد نالوں کی صفائی مکمل کرنے کے دعویٰ کے باوجود حالیہ بارشوں میں نشیبی علاقوں کے گھروں میں پانی داخل ہو گیا۔ ڈھوک چراغدین، قاضی آباد اور جھنڈا چیچی کے علاقوں میں نالہ لئی کی صفائی شروع نہیں ہو سکی۔ کینٹ ایریاز کی نالیاں نالے گندگی سے اٹے پڑے ہیں۔ جنگ سروے کے دوران لئی نالہ میں بڑے بڑے مٹی کے ٹیلے‘ بلڈنگ میٹرل بھی نظر آیا۔ پیپلز کالونی، ٹنچ بھاٹہ، جھنڈا چیچی، مریڑ حسن، ڈھوک چراغدین، قاضی آباد، گوالمنڈی، ٹاہلی موہری، ڈھیری حسن آباد، جھنڈا چیچی، شالے ویلی، پشاور روڈ کی تمام لین، مغل آباد، مصریال روڈ، ویسٹریج، کمال آباد، ڈھوک سیداں روڈ سمیت دیگر آبادیوں میں نالے نالیاں گندگی سے چوک ہیں۔ راولپنڈی کے 15بڑے نالوں کی صفائی کا کام میٹرو پولیٹن جبکہ چھوٹی نالیوں کی صفائی آر ڈبلیو ایم سی کے ذمہ ہے۔ آر ایم سی نے ساڑھے 27کلومیٹر نالوں کی صفائی کا کام 3کروڑ کے لگ بھگ ٹھیکے پر دے رکھا ہے۔ ایم آر او رفاقت گوندل نے بتایا کہ دس بارہ کنٹریکٹرز نالوں کی صفائی پر لگے ہیں۔ محلہ حکمداد، محلہ محمود علی شاہ، امرپورہ، ملت کالونی، آریہ محلہ، صادق آباد، مسلم ٹائون، کری روڈ کے علاقوں میں صورتحال پریشان کن ہے۔ چیئرمین سٹیزن ایکشن کمیٹی ملک ظہیر احمد اور دیگر کا کہنا ہے کہ مجرمانہ غفلت سے شہریوں کا جان و مال خطرے میں ہے۔