علی ظفر کی فاؤنڈیشن کیجانب سے 250 خاندانوں میں رقم کی تقسیم

August 04, 2020

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف گلوکار و موسیقار علی ظفر کی سماجی تنظیم علی ظفر فاؤنڈیشن کی جانب سے عید الضحیٰ کے موقع پر شعبہ موسیقی سے وابستہ 250 خاندانوں میں نقد رقم تقسیم کی گئی۔ علی ظفر نے عید کے موقع پر اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کی تنظیم کی جانب سے 250 موسیقاروں کے خاندان میں نقد رقم تقسیم کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ موسیقاروں کے خاندان میں نقد رقم کی تقسیم سے قبل بھی ان کی تنظیم ایک ہزار موسیقاروں کی مدد کر چکی ہے۔گلوکار نے بتایا کہ کورونا کی وبا کے دنوں کے بعد ان کی تنظیم نے 31 جولائی تک موسیقاروں کے علاوہ دیگر افراد کی بھی مدد کی۔گلوکارنے بتایا کہ ان کی تنظیم اب تک مجموعی طور پر 7 ہزار خاندانوں کی نقد رقم اور سامان کی فراہمی کی صورت میں مدد کر چکی ہے۔ان کے مطابق ان کی تنظیم نے 800 غریب مسیحی اور 700 خواجہ سرا خاندانوں کی مدد بھی کی ہے۔علی ظفر نے اپنی ایک اور ٹوئٹ میں صدر مملکت عارف علوی سے کورونا سے متاثر ہونے والے موسیقاروں کی مدد کی اپیل بھی کی۔علی ظفر نے اپنی ٹوئٹ میں صدر مملکت کو مخاطب کرتےہوئے کہا کہ بہت سارے موسیقار کورونا کے باعث مالی مشکلات کا شکار ہیں اور وہ حکومت کی مدد کے منتظر ہیں۔علی ظفر نے صدر مملکت کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صدر کی ٹیم کو متاثر موسیقاروں کی فہرست بھی بھجوادی ہے اور انہوں نے حکومت سے موسیقاروں کی جلد مدد کا مطالبہ بھی کیا۔واضح رہے کہ ملک میں مارچ 2020 سے کورونا کے باعث سینما ہالز اور تھیٹرز بند ہیں جب کہ کسی بھی طرح کی تفریحی تقریب منعقد کرنے پر بھی پابندی عائد ہے۔