ناخن آپ کی صحت سے متعلق کیا کہتے ہیں ؟

August 04, 2020

ناخنوں کی صحت انسانی مجموعی صحت سے متعلق بہت کچھ بتاتی ہے جسے نظر انداز کر دیا جاتا ہے یا معلومات نہ ہونے کی وجہ سے توجہ نہیں دی جاتی، اگر مندرجہ ذیل 5 علامات آپ کے ناخنوں میں ظاہر ہو رہی ہیں تو فکر مند ہونے کی ضرورت ہے ۔

طبی ماہرین کے مطابق آسانی سے ناخنوں کا ٹوٹ جانا اور پتلا ہونا کوئی عام بات نہیں ہے بلکہ یہ آپ کی مجموعی صحت سے متعلق اہم علامت ہے۔

’انڈین ڈرما ٹولوجی آن لائن جرنل‘ میں شائع ہونے والی ایک ہیلتھ رپورٹ کے مطابق صحت کو جانچنے کے لیے ناخن جسم کا اہم ترین حصہ ہیں، کیرٹین سے بنے ناخن کسی بھی الرجی یا پھیپڑوں کی خراب کرکردگی سے متعلق سب سے پہلے نشاندہی کرتے ہیں ۔

جانیے وہ 5 علامات جو آپ کے ناخن آپ کی مجموعی صحت سے متعلق بتانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

تھائیراڈ گلینڈ کی خراب کاکرکردگی

اگر آپ کے ناخن با آسانی ٹوٹ رہے ہیں یا پتلے ہیں تو یہ اس بات کی طرف نشاندہی ہے کہ انسان میں موجود تھائیرائڈ گلینڈ بہتر طریقے سے کام نہیں کر رہا ہے، تھائیرائیڈ کے بگڑنے کا مطلب ہے کہ انسانی جسم میں کسی بھی ہارمون کا صحیح وقت پر مطلوبہ مقدار میں اخراج نہیں ہو رہا ہے ۔

اگر ناخن موٹے ہیں مگر با آسانی خود با خود اکھڑ رہے ہیں یا کھردرے ہو رہے ہیں تو اس کا مطلب ہیں کہ جسم میں ہارمونز مطلوبہ مقدار سے زیادہ خارج ہو رہے ہیں یا وٹامن اے ، سی اور بائیوٹن کی کمی ہے ۔

پھیپڑوں کی کارکردگی کا خراب ہونا

ناخنوں کا اوپر کی جانب ابھرنا اور گول سطح کی صورت اختیار کرنے کو ’کلبنگ‘ کہتے ہیں، کلبنگ پھیپڑوں کی خراب کارکردگی کی علامت ہے ، اس کا مطلب ہے کہ آپ کے پھیپڑے آکسیجن کی مطلوبہ مقدار حاصل نہیں کر رہے ہیں اور آپ کے خون میں آکسیجن کی مقدار کم ہو رہی ہے ۔

آپ کو چنبل ہوسکتا ہے

چنبل ایک جلدی بیماری ہے جس میں انسانی خلیوں کی افزائش 10 گنا بڑھ جاتی ہے، یہ بیماری ناخنوں میں بھی ہو سکتی ہے اس اس کی وجہ قوت مدافعت کا کمزور ہونا ہوتا ہے، اس صورت میں ناخن موٹے ، کھدرے اور سفید پڑنے لگتے ہیں ، اس علامت میں درد بھی محسوس ہوتا ہے ۔

جگر کا غیر مناسب صوتحال میں ہونا

الکوحل کا استعمال کرنے والے افراد میں اکثر جگر کی بیماریاں بڑھ جاتی ہے جس میں سب سے پہلے اُن کے جگر کا غیر مناسب سائز میں بڑھ جانا شامل ہے، ایسی صورت میں ناخنوں پر ہلکے گلابی نشانات بننے لگتے ہیں جو کہ جگر کی خراب کاکردگی کی نشاندہی کرتے ہیں .

ایک ہیلتھ رپورٹ کے مطابق دنیا کے 68 فیصد افراد کو جگر کا عارضہ لا حق ہوتا ہے، اگر آپ الکوحل کا استعمال نہیں کرتے ہیں اور پھر بھی یہ علامات ظاہر ہوں تو فوراً اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں ۔

ذیابطیس کی شکایت ہونا

ذیابطیس کا علامات ناخنوں سے ظاہر ہو جاتی ہیں ، اس کے لیے میڈیکل ٹیسٹ کروانے سے پہلے اپنے ناخنوں سے اس کی تشخیص کرسکتے ہیں ، اگر آپ کے ناخنوں کا رنگ پیلا پڑ گیا ہے تو یہ بلڈ شوگر کی نشاندہی ہے جبکہ ناخنوں کے قریب کی جلد اگر لال ہے تو یہ ذیابطیس کے آغاز کی علامت ہے۔