کراچی طیارہ حادثہ: لواحقین کو فی مسافر ایک کروڑ روپےادا کیے جائیں گے

August 04, 2020

قومی ایئرلائن پی آئی اے انتظامیہ نے کراچی طیارہ حادثے کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے فی مسافر ادائیگی کا اعلان کردیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک کے انشورنس کمپنی کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد انشورنس کی رقم میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ اب تمام مسافروں کے قانونی ورثاء کو ایک کروڑ روپے فی مسافر انشورنس کی مد میں ادا کئے جائیں گے، اس سے قبل تمام لواحقین کو پچاس لاکھ روپے ادا کئے جانے تھے، جو کیرج بائی ائیر ایکٹ 2012 کے مطابق تھے۔

ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ پی آئی اے دس لاکھ روپے فی مسافر جنازے اور تدفین کے زمرے میں پہلے ہی ادا کر چکی ہے، بڑھائی گئی انشورنس رقم پہلے سے ادا کی گئی رقم کے علاوہ ہے۔

پی آئی اے نے اس سلسلے میں کام مکمل کرلیا ہے اور اب قانونی ورثاء کی جانب سے جانشینی سرٹیفیکیٹ کا انتظار ہے جس کے لیے ورثاء کو خطوط ارسال کئے جارہے ہیں۔