مذہبی منافرت پھیلانے والوں سےسختی سے نمٹا جائیگا، بشارت راجہ

August 05, 2020

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پر مبنی مواد پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی مشاورت سے جامع طریقہ کار وضع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء بھی ان شر پسند عناصر کی حوصلہ شکنی کریں اور ان کو بے نقاب کرنے اور کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے انتظامیہ کی مدد کریں۔ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر قانون پنجاب محمد بشارت راجہ نے پنجاب کابینہ کی سب کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس کی پنجاب ہاؤس راولپنڈی میں صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نےکہا کہ ہمیں صرف محرم الحرام کے دوران ہی نہیں پورا سال امن و امان برقرار رکھنے کے لئے اپنا کردار کرنا چاہیے اور یہ علماءکے تعاون سے ہی ممکن ہے۔ وزیر قانون نے کہا کہ حکومت تمام مکاتب فکر کے ساتھ یکساں برتاؤ پر یقین رکھتی ہے۔کمشنر ،کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا کہ فرقہ واریت پھیلانے والے ملک دشمن عناصر کا مقابلہ مذہبی ہم آہنگی ہی سے ممکن ہے۔آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا کہ پنجاب پولیس امن و امن برقرار رکھنے کے لئے انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تھانہ کی سطح پر بھی مقامی علماء سے رابطہ کیا جائیگا تاکہ محرم ضابطہ اخلاق کے نفاذ کو علماء کے تعاون سے یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر تمام مکاتب فکر کے علماء نے کابینہ سب کمیٹی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔