شہداءکی قربانیوں سےہم امن میں ہیں،آر پی او ، سی پی او

August 05, 2020

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) آر پی او راولپنڈی سہیل حبیب تاجک نے کہا ہے کہ شہداءکی قربانیوں کی وجہ سےہم امن میں ہیں، دہشت گردی کی جنگ میں پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے منگل کو یوم شہداء پولیس کے موقع پر پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پولیس افسران اور شہداء کے اہل خانہ نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی،پولیس کے چاق و چوبند دستے نے یاد گار شہداء پر سلامی پیش کی۔ شہداء گیلری میں راولپنڈی پولیس کے 108شہداء کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔ سی پی او محمدا حسن یونس کا کہنا تھا کہ پولیس کے شہداء صرف محکمے کے نہیں بلکہ پورے معاشرے کے محسن ہیں۔