وزیراعلیٰ کی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت

August 05, 2020

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آنے والے ہفتوں میں مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام واسا اور محکمہ لوکل گورنمنٹ سیلاب سے بچائو کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلٰی پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری کی طرف سے سیکرٹریز ہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ اور لوکل گورنمنٹ کو لکھے گئے خط میں کہاگیا ہے کہ مون سون جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے آنے والے ہفتوں میں بارشوں کی پیشنگوئی کر رکھی ہے جس سے نشیبی ایریاز میں پانی جمع ہونے اور سیلاب کے بھی امکانات ہیں لہٰذا تمام متعلقہ ادارے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں ۔ وزیراعلٰی نے ان اداروں کو ہر قسم کے آلات، مشینری اور مین پاور کو تیاررکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ تمام نالوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہری ایریاز میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔