مقبوضہ کشمیر میں ہندو آباد کاری کو روکنا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے‘ پاکستان علماء کونسل

August 05, 2020

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) ملک بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جائیگا۔ آج مساجد میں کشمیر، فلسطین کے مظلوموں کیلئے دعا کی جائیگی‘ اجتماعات، کانفرنسز اور مظاہرے کئے جائینگے۔ ہندو آباد کاری کو روکنا عالمی قوتوں کی ذمہ داری ہے ورنہ خطہ میں ہولناک تباہی کا خدشہ ہے۔ جمعہ کو یوم سیدنا عثمان غنیؓ کے موقع پر بھی مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل و صدر دارالافتاء حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا نعمان حاشر، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ زبیر عابد، علامہ طاہر الحسن، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا عبدالحکیم اطہر، مولانا ابوبکر صابری، مولانا اسلم صدیقی، مولانا عمار بلوچ، مولانا شعیب بخاری بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو ایک سال کا عرصہ گذر گیا، عالمی دنیا کی خاموشی اور بے حسی افسوسناک ہے۔ کشمیری مظلوموں کی تائیدو حمایت کیلئے پوری قوم حکومت اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5اگست کو تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اور پاکستانی عوام یوم استحصال کشمیر منائیں گے۔ علماء نے کہا کہ آج نماز فجر کے بعد تمام مساجد میں ملکی استحکام کے ساتھ ساتھ کشمیری اور فلسطینی مظلوم عوام کیلئے بھی خصوصی دعائیں ہوں گی۔ ملک بھر میں مظلوم کشمیریوں کی تائیدو حمایت میں اجتماعات ہونگے اور ہندوستانی مظالم کی مذمت کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ پر او آئی سی اور اقوام متحدہ کو عملی کردار ادا کرنا ہو گا۔ مودی کی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ہندو آباد کاری کرنے کی سازش کر کے خطہ کو آگ میں جھونکنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہندو آباد کاری کو مقبوضہ کشمیر میں روکنا عالمی قوتوں کی ذمہ داری ہے ورنہ خطہ میں حالات خراب ہوئے تو ذمہ داری انہی پر عائد ہوگی۔