نانبائیوں نے روٹی کی قیمتوں میں پھر اضافہ کردیا

August 05, 2020

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)حکومت آٹے کی قلت اور قیمت کے ایشو کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہےجس کے باعث غریب روٹی سے بھی محروم ہوتا جارہا ہے۔نانبائیوں نے ایک بار پھر روٹی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے اور انتظامیہ ایکشن لینے کی بجائے چپ سادھ چکی ہے۔پتیری روٹی پہلے دس روپے کی گئی اب بارہ سے پندرہ روپے کردی گئی ہے۔خمیری روٹی (سادہ نان) پندرہ سے اٹھارہ روپے میں بک رہا ہے۔تل والا کلچہ پندرہ روپے کی جگہ بیس اور پچیس روپے میں دیا جارہا ہے۔سرکاری طور پر پتیری روٹی سات روپے،سادہ نان دس روپے کا ہےلیکن قیمت بڑھنے پر انتظامیہ کوئی ایکشن نہیں لے رہی ہے اور نان بائی احتجاج کی دھمکیاں دے کر روٹی کی قیمت بڑھاتے جارہے ہیں۔حکومت کی طرف سے آٹے کی فراہمی معمول پر لانے کے دعوے بھی دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔