لئی ایکسپریس وے ،فنڈز کیلئے اراضی کے کمرشل استعمال کی تجویز

August 05, 2020

راولپنڈی(راحت منیر،اپنے رپورٹر سے) باخبر ذرائع کے مطابق نالہ لئی ایکسپریس وے کیلئے فنڈز انتظام کے سلسلے میں ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے اڈیالہ روڈ پر داگل میں موجود سرکاری اراضی کو استعمال کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ٹریٹمنٹ پلانٹ کی 5ہزار کنال اراضی میں سےچار ہزار کنال سے زیادہ اراضی کو کمرشل کرکے فروخت یا لیز کرکے پیسے حاصل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے تقریبا900کنال اراضی بچائی جائے گی۔جس پر دوسرے فیز میں ٹریٹمنٹ پلانٹ بنے گا۔جدید ٹیکنالوجی کے حامل پلانٹ کیلئے جگہ کی ضرورت 700کنال بتائی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق نالہ لئی ایکسپریس وے کیلئے پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت ایک بڑے تعمیراتی گروپ نےابتدائی طور پر کچھ تجاویز دی ہیں۔جن پر باضابطہ طور پر ابھی گفتگو کا آغاز نہیں ہوا ۔فنڈز کے انتظامات کے سلسلے میں گروپ نے نالہ لئی کو مختلف جگہوں سے چھ کلومیٹرکے لگ بھگ چھت ڈال کرکور کرکے کمرشل ایریاز بنانے کی تجویز دی ہے۔جہاں دوکانیں بنا کر نیلام کرکے پیسوں کا انتظام کیا جاسکتاہے۔نالہ لئی ایکسپریس وے کیلئے ریالٹو چوک کے قریب ایف ڈبلیو او کے زیر استعمال35کنال اراضی کا بھی فیصلہ ہونا ہے۔کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ نالہ لئی کی آئی جے پی روڈ پر چوڑائی30 میٹر جبکہ آخری پوا ئنٹ جی ٹی روڈ پر چوڑائی 52 میٹر کے قریب ہے۔جی ٹی روڈ این3برج پررو زانہ کی اوسط ٹر یفک77ہزارگاڑیاں ہیں۔ جو انٹرچینج کے ذ ر یعے لئی ایکسپر یس وے پر آسکیں گی۔اسی طر ح دیگر13 مختلفجگہوں پر بھی مختلف روٹس کی ٹریفک کو نالہ لئی ایکسپریس وے پر لانے کیلئے ان جگہوں کو انٹر چینج یا ریمپس کے ذ ر یعے منسلک کیا جائے گا۔