فرنٹیئر فاؤنڈیشن کو بلڈبیگز ودیگر سامان عطیہ کیا گیا

August 05, 2020

پشاور(نیوزڈیسک)فرنٹیئرفاؤنڈیشن کو گلبہار لائنز کلب، خیبر لائنز کلب اور نساءلائنز کلب کی جانب سے سامان عطیہ کیا گیا، اس حوالے سے فرنٹیئر فاؤنڈیشن میں ایک سادہ تقریب منعقد ہوئی جس میں گلبہار لائنز کلب، خیبرلائنز کلب اور نساءلائنز کلب کے عہدیداروں نے فرنٹیئر فاؤنڈیشن کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر فخر زمان کو بلڈ بیگز اور ٹرانفیوژن سیٹ عطیہ کئے ،انہوںنے مستقبل میں بھی تھیلی سیمیا ، ہیموفیلیااور دیگر امراض خون میں مبتلا بچوں کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پرفرنٹیئر فاؤنڈیشن کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر فخر زمان نے کہا کہ تھیلی سیمیا اور دیگرامراض خون میں مبتلا بچوںکی زندگیوں کومحفوظ اور معاشرے کو تھیلی سیمیا سے پاک بنانا ہمارا مشن ہے جسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جارہا ہے، انہوں نے گلبہار لائنز کلب، خیبر لائنز کلب اور نساءلائنز کلب کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسے اداروں کے عطیات ہمارے حوصلوں کو نیا عزم دیتے ہیں، انہوں نے کسی بھی کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں انفرادی حیثیت کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ہم مشترکہ طور پر تھیلی سیمیا کے خاتمہ کیلئے کام نہیں کریںگے اس وقت تک عوام میں شعور اجاگر ہو گا نہ ہم تھیلی سیمیا سے پاک معاشرہ تشکیل دینے میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں، ہمیں تھیلی سیمیا کے خاتمہ کیلئے قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھنا ہوگا اور یہی ہماری کامیابی کی ضمانت ہے۔