مانچسٹر ٹیسٹ، بابر اعظم نے کلاس دکھا دی، انگلش بولرز بے بس، 69 پر ناٹ آؤٹ

August 06, 2020

مانچسٹر ٹیسٹ، بابر اعظم نے کلاس دکھا دی، انگلش بولرز بے بس، 69 پر ناٹ آؤٹ

کراچی،مانچسٹر (اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز) بابر اعظم نے انگلینڈ میں اپنی پہلی اننگز میں کلاسک بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کو مستحکم پوزیشن کی جانب گامزن کردیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر شان مسعود نے دو چانس ملنے کے بعد پراعتماد بیٹنگ کی۔اس جوڑی کے سامنے انگلش بولرز بے بس دکھائی دیئے۔ اولڈ ٹریفورڈ میں بدھ کو پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن بارش کی وجہ سے 49اوورز کا کھیل ہوسکا۔ پاکستان نے دو وکٹ پر139رنز بنائے۔ بابر اعظم اور شان مسعود کی تیسری وکٹ کی شراکت میں 96قیمتی رنز بن چکے ہیں۔ بابر اعظم گیارہ چوکوں کی مدد سے69رنز پر کریز پر موجود ہیں۔ شان مسعود نے شاندار بیٹنگ کی ہے وہ152گیندوں پر46رنز بناکر کھیل رہے ہیں انہوں نے سات چوکے مارے ہیں۔ پاکستان ٹیسٹ میں دو اسپنرز یاسر شاہ اور شاداب خان کے ساتھ کھیل رہا ہے۔ قبل ازیں پاکستان نے 16ویں اوور میں43رنز پر دو وکٹ گنوادیے اس موقع پر شان مسعود اور بابر اعظم نے پاکستان کی اننگز کو سہارا دیا۔ شان نے عابد علی کے ساتھ پہلے گھنٹے میں اعتماد سے بیٹنگ کی۔2016کے بعد شان مسعود پہلے غیر ملکی اوپنر ہیں جنہوں نے انگلینڈ میں پہلی اننگز میں ایک سو سے زائد گیندوں کا سامنا کیا۔ بابر اعظم نے اپنی کلاس کے مطابق نصف سنچری70گیندوں پر 9چوکوں کی مدد سے بنائی۔ انگلینڈ نے کورونا وائرس کے سائے میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے پہلے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلی اور اب پاکستان کے خلاف سیریز کا پہلا میچ انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جارہا ہے۔ پاکستان ٹیم کے کپتان اظہر علی نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا، عابد علی صرف 16 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے، انہیں جوفرا آرچر نے کلین بولڈ کیا ۔ کپتان اظہر علی کو کرس ووکس نے کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس بھیج دیا۔ بابر اعظم مسلسل پانچ اننگز میں پچاس یا زائد اسکور کرنے والے ساتویں پاکستانی بن گئے ۔ بابر سے قبل ظہیر عباس، محمد یوسف، مصباح الحق ، سعید انور، انضمام الحق اور سرفراز احمد بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں ۔ بابر اعظم کی پانچ اننگز میں تین سنچریاں اور دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل بابر اعظم تین ٹیسٹ میں تین سنچریاں بناچکے ہیں۔ اگر وہ مانچسٹر ٹیسٹ میں سنچری بنانے میں کامیاب ہوگئے تو وہ محمد یوسف کی چار ٹیسٹ میں چار سنچریوں کا ریکارڈ برابر کردیں گے۔