پی سی بی گورننگ بورڈ کے 6 ارکان مدت ختم ہونے پر کام کرتے رہینگے

August 06, 2020

کراچی(عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے پالیسی ساز ادارے بورڈ آف گورنرز کے چھ ارکان کے عہدوں کی دو سالہ مدت ہفتے کو ختم ہورہی ہے، ان میں واپڈا کے چیئرمین لیفٹنینٹ جنرل مزمل، حبیب بینک کے عمران فاروقی، پشاور ریجن کے کبیر خان، کے آر ایل کے ایاز بٹ، لاہور سٹی کے شاہ ریز عبداللہ روکڑی اور کوئٹہ ریجن کے شاہ دوست شامل ہیں جبکہ سیالکوٹ کے نعمان بٹ کو ڈسپلنری کیس میں پابندی کا سامنا ہے۔ لیکن پی سی بی آئین 2019کے مطابق وہ اس وقت تک کام کرسکیں گے جب تک چار اراکین کا تقرر نہیں ہوجاتا ۔ اس لئے بورڈ آف گورنرز بدستور کام کرتا رہے گا۔ چیئرمین احسان مانی اور اسد علی خان براہ راست پی سی بی کے پیٹرن ان چیف عمران خان کے نامزد کردہ ہیں۔ احسان مانی کی تقرری چار ستمبر2019 کو ہوئی تھی اور وہ 23اگست2021 تک خدمات انجام دیں گے۔ پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئین کی شق 49میں واضح ہے کہ چار نئے اراکین کی تقرری تک موجودہ اراکین کام کرتے رہیں گے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ پی سی بی نے قومی کرکٹ سے ڈپارٹمنٹس اور ریجن کا کردار ختم کردیا ہے لیکن ان کے نمائندے ایک سال سے زیادہ عرصے گذرنے کے باوجود کام کررہے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ8 اگست کے بعد بھی آئین کے مطابق یہ اراکین غیر معینہ مدت کے لئے کام کرسکتے ہیں کیوں کہ آئین میں نئی تقرریوں تک ان کے کام کرنے کا کوئی ٹائم فریم نہیں ہے۔ دوسری جانب پی سی بی نے گذشتہ سال کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے سالانہ جنرل باڈی میٹنگ نہیں بلائی تھی۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ موجودہ کلینڈر ایئر میں اے جی ایم بلاکر آئینی تقاضے پورے کئے جائیں گے۔