ڈزنی اسٹوڈیو کا میگا بجٹ فلم ” مولان‘‘ آن لائن ریلیز کرنیکا فیصلہ

August 06, 2020

میگا بجٹ فلم ” مولان‘‘ آن لائن ریلیز کرنے کا فیصلہ

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال میں ڈزنی نے اپنی میگا بجٹ فلم ” مولان” کو سینما گھروں کے بجائے آن لائن ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈزنی اسٹوڈیو کے سی ای او نے تصدیق کی ہے کہ مولان 4 ستمبر کو ویب اسٹریمنگ ڈزنی پلس پر ریلیز کی جارہی ہے۔ ایسا پہلی بارہو گا کہ ڈزنی اپنی کسی میگا بجٹ فلم کو آن لائن ریلیز کرے گا۔فلم “مولان ” چین سے تعلق رکھنے والی اداکارہلیویفائے کی پہلی بڑی ہولی وڈ فلم ہے جس میں انہوں نے جنگجو لڑکی کاکردار ادا کرتے ہوئے تلوار بازی کے جوہردکھائے ہیں۔فلم سال 1998 میں ریلیزہونے والی فلم مولان کا ری میک ہےجسے بنانے کا اعلان 2016میں کیا گیاتھا، ڈزنی نے اس فلم کیلئے ہیروئن کی تلاش میں خاصی مشکل کاسامنا کیا اور ایک ہزار لڑکیوں کے آڈیشن کے بعد اس کردار کیلئے لیویفائے کا انتخاب کیا گیا۔واضح رہے کہ اسٹریمنگ ویب سائٹ ڈزنی پلس دنیا کے متعدد ممالک میں سروس فراہم نہیں کرتی، اس لیے ان ممالک میں فلم کو بعد ازاں سینما گھروں میں ہی ریلیز کیا جائے گا۔ایک اور اہم بات یہ کہ کمپنی نے صارفین سے تقریباً 29 امریکی ڈالرز اضافی فیس لینے کا بھی اعلان کیا ہے، یعنی “مولان ” کو ڈزنی پلس پر دیکھنے والے شائقین کو اب تقریبا 5 ہزار پاکستانی روپوں کی ادائیگی بھی کرنا ہوگی۔فلم کی کہانی ایک تاریخی نظم سے لی گئی ہے، جو پانچویں صدی میں 25 سال تک مختلف جنگیں لڑنے والی چین کی مارشل آرٹ ماہر اور جنگجو خاتون “ہوا مولان” کی زندگی کااحاطہ کرتی ہے۔مولان کا ٹریلرگزشتہ سال جاری کیا گیا تھا جس میں لیویفائے کو دشمنوں کو تلواروں سے زیر کرتے دکھایا گیا۔ ڈزنی نے مولان کو مارچ 2020میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن سینما گھروں کی بندش کے باعث نمائش جولائی تک موخرکردی گئی تھی۔