اشنا شاہ اور احمد علی بٹ جانوروں کو ایذا پہنچانے والوں پر برہم

August 06, 2020

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان شوبز انڈسٹری کے کامیڈین اداکار اور ٹی وی کی معروف اداکارہ اُشناشاہ جانوروں کو ایذا و تکلیف پہنچانے والوں پر سخت برہم دکھائی دے رہے ہیں۔ اداکارہ اُشناشاہ نے عید الاضحیٰ کے پہلے روز کراچی کے علاقے سرجانی میں گائے کو کرین کے ذریعے گھر کی چھت سے نیچے اُتارنے کے دوران پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے لکھا کہ ’ابھی ایک ویڈیو دیکھی جس میں اونچائی سے ایک گائے کو کرین کے ذریعے زمین پر لایا جارہا ہے، اور اس دوران وہ کرین سے زمین پر گر کر شدید زخمی ہوجاتی ہے؟‘اداکارہ نے سوال کیا کہ کیا یہ قربانی ہے، کیا ایسا ظلم کرنے والوں کیلئے کوئی جیل نہیں ہے؟انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں پاکستان کے اس ماحول اور پاکستانیوں کے اس رویے سے تنگ آچکی ہوں۔ یہاں لوگوں کے ساتھ آخر مسئلہ کیا ہے؟گزشتہ روز کامیڈین اداکار احمد علی بٹ نے مداحوں کی توجہ اس واقعے کی جانب مبذول کرواتے ہوئے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ اس عید پر میں نے قربانی کیلئے لائی گئی گائے کو چھت سے گرتے دیکھا۔انہوں نے لکھا کہ ’اللہ کی راہ میں قربان کیے جانے والے اونٹ کو ذبح کرنے کے بجائے اس پر چاقو سے حملہ کیا گیا اور ایک گائے کودو آدمیوں نے اے کے 47 سے گولی مار کر ہلاک کردیا۔‘انہوں نے جانوروں کو اذیت پہنچانے اوران کے ساتھ برا رویہ اختیار کرنے والے لوگوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدارا قربانی کے جانوروں کے ساتھ محبت سے پیش آیا جائے۔