رشتہ انٹیز سے متعلق مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے ’’اریجنڈ‘‘ گیم تیار

August 06, 2020

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)بوسٹن میں ہاروڈ کی طالبہ نشرہ بلگم والا نے پاکستان میں رشتہ والی آنٹی کے ساتھ اپنے ذاتی تجربہ کے بعد ایک ایسی بورڈ گیم تیار کی ہے جو جنوبی ایشیا میں والدین کی مرضی سے ہونے والی شادیوں میں چند مسائل کو اجاگر کرتی ہے۔“Arranged “ نامی اس گیم میں بورڈ پر ایک رشتہ آنٹی ہیں جس سے تین غیر شادی شدہ لڑکیاں دور بھاگتی ہیں کیونکہ ان کا معیار غیر انسانی ہے۔ایسا کرنے کے لیے کبھی وہ لڑکوں کے ساتھ مالز جاتی ہیں تو کبھی اپنے ٹیٹوز رشتہ آنٹی کو دکھانے کی کوشش کرتی ہیں تا کہ انہیں ایسا رشتہ نہ کرنا پڑے۔27 برس کی گیم ڈیزائنر نشرہ کا کہنا ہے کہ “میرا مقصد مجھ جیسی لڑکیوں تک رسائی حاصل کرنا ہے جو رشتہ کرانے والی آنٹی کی خواہشات سے بھاگتی ہیں۔ رنگ گورا ہو، لڑکی لمبی اور دبلی ہو، روٹی گول بناتی ہو جیسے مطالبات۔۔۔ لڑکیوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ لڑکی کو پرکھنے کا یہ معیار نہیں۔ اور گیم میں بھی اس کو مختلف کارڈز کے ذریعے اجاگر کیا جاتا ہے۔کراچی سے تعلق رکھنے والی نشرہ 18 برس کی تھیں جب ان کی بہن کی شادی ہوئی۔ شادی کے دن رشتہ کرانے والی خواتین نے نشرہ کا پیچھا نہیں چھوڑا۔ ہر کسی کا یہی اصرار تھا کہ اب اگلا نمبر نشرہ کا ہے۔اس کے بعد جب نشرہ 21سال کی تھیں تو ان کے والدین نے ان کے لیے لڑکا چنا۔ بس وہ چٹ منگنی پٹ بیاہ چاہتے تھے مگر نشرہ پہلے اعلی تعلیم کے لیے امریکہ آنا چاہتی تھیں۔ جس کی انہیں بالآخر اجازت مل گئی۔