جیکب آباد کے راستے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی ملک بھر میں ترسیل

August 06, 2020

جیکب آباد(نامہ نگار)سیکورٹی اداروں کی غفلت کی وجہ سے جیکب آبادغیر ملکی گاڑیوں کی منڈی کی شکل اختیار کر گیا ہے روزانہ سینکڑوں غیر ملکی نان کسٹم پیڈ مختلف قسم کی گاڑیاں بلا روک ٹوک جیکب آباد کے راستے پورے ملک میں پہنچائی جا رہی ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ اسمگلرز کی منشا پر پولیس افسران اور اہلکاروں کی سرحد پر واقع چوکیوں پر تقرری کی وجہ سے غیر ملکی سامان کا غیر قانونی کام کاروبار کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ افغانستان اور ایران سے آنے والا غیر ملکی سامان بلوچستان سے ہوتا ہوا جیکب آباد کے صدر تھانے کی حدود میں داخل ہوتا ہے جو سیف اللہ چوکی سے ہوتا ہوا کھیر تھر نہر کے راستے اندرون سندھ جاتا ہے۔

جیکب آباد کے بائی پاس پر واقع پولیس چوکی شمبے شاہ اور عمرانی موڑ کی چوکی غیر ملکی سامان جس میں ایرانی ڈیزل، کمبل، صابن، اے سی، کار، ٹائر، چھالیہ، گٹکا، سگریٹ شامل ہیں جن اسمگلرز سے معاملات طے ہوتے ہیں انکی گاڑیاں بغیر تلاشی کے کراس ہو جاتی ہیں۔

جن میں منشیات اور ا سلحہ بھی ہونے کا ذرائع نے دعوی کیا ہے جن سے ڈیل نہیں ہوتی وہ غیر ملکی سامان سے لدی گاڑیاں پکڑ کر لین دین کے بعد چھوڑ دی جاتی ہیں۔