نارتھ انگلینڈ میں کورونا میں اضافہ،سخت پابندیاں عائد

August 06, 2020

مانچسٹر (علامہ عظیم جی)نارتھ انگلینڈ میں كوویڈ19میں اضافہ، حکومت کی طرف سے سخت پابندیاں عائد ،لوگوں کے ایک دوسرے کے گھر آنے جانے پرپابندی لگا دی گئی ۔میئر اینڈی برنہم نے گریٹر مانچسٹر کو وائرس سے بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات پر عمل کرانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چوکس رہنے کا حکم جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ ہر صورت میں سماجی فاصلے برقرار رکھے جائیں اور لوگ بغیر کام کے گھروں سے باہر نہ جائیں ۔سٹی کونسل مانچسٹر کے لیڈر سر رچرڈ لیز نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ریسٹورنٹس میں فیملیز اور دوستوں کو مل کر کھانے پر 50 فیصد سبسڈی کی حکومتی پالیسی کی وجہ سے کورونا وبا کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا ۔ انہوں نے مانچسٹر میں گزشتہ چند روز میں ایک ہزار سے زائدکورونا مثبت کیسزآنے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے سخت احتیاط برتنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ پولیس کی مدد کے لیے فوج کو طلب کیا جا سکتا ہے ۔واضح رہےکہ گریٹر مانچسٹر کے میئر اینڈی برنہم نے حکومت کی طرف سے زمینی حقائق کے برعکس لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے پر پہلے ہی تنقید کی تھی۔ خیال رہے گریٹر مانچسٹر کے بعد اولڈ ہم، راچڈیل، اولڈ ٹریفورڈ ،لنکاشائر کے علاوہ بریڈفورڈ اور گردونواح میں کورونا وائرس نے پھر سر اٹھا لیا ہے ۔