کونسلر قیصر عباس نے کیگز فاؤنڈیشن کے نام سے فلاحی تنظیم قائم کرلی

August 06, 2020

لندن(پ ر )کونسلر قیصر عباس نے کیگز فاؤنڈیشن کے نام سے نئی فلاحی تنظیم کی بنیاد رکھ دی۔ کورونا وائرس کے باعث تنظیم کی لانچنگ تقریب بنیادی حفاظتی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی مختصر رکھی گئی جس میں صرف عہدیداروں نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز حاجی محمد زمان بھٹی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کونسلر قیصر عباس کا کہنا تھا کہ گھریلو تشدد کا شکار لوگوں کی مدد اور ضرورتمندوں کو امداد کی فراہمی ہمارا مشن ہے، تنظیم کا مقصد ، تعلیم، ضرورتمندوں کی ماہانہ امداد اور صاف پانی کے فراہمی کے منصوبوں پر کام کرنا ہے۔ ہمارے ساتھ اچھے لوگوں کی ایک ایسی ٹیم ہے جو خدمت کے جذبے سے سرشار ہے۔ تنظیم میں مختلف شعبہ جات کی نمائندہ شخصیات شامل ہیں۔ کیگز فاؤنڈیشن اس مختصر عرصے میں پاکستان میں پانی کے دو پلانٹس بھی لگا چکی ہے جو روزانہ بیس ہزار لیٹر سے زائد صاف پانی مہیا کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی خاندانوں کی مالی مدد کے ساتھ ساتھ کھانے کا سامان بھی مہیا کر چکی ہے اور گھریلو تشدد کا شکار کئی خواتین کی رہنمائی بھی کر چکی ہے۔ کیگز فاؤنڈیشن مختلف پراجیکٹس اپنے ارکان اور چند مخیر دوستوں کی مدد سے مکمل کرتی ہے۔ تنظیم پبلک سے کسی قسم کا کوئی چندہ نہیں لیتی اور نہ ہی کوئی عہدیدار اس سے تنخواہ یا الاؤنس لیتا ہے۔تنظیم کے کوآرڈینیٹر راجہ نذیر احمد نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تنظیم کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ سیکرٹری ملک سجاد علوی نے کہا کہ “ہم اب تک درجنوں خاندانوں کو کھانے کا سامان اور مالی مدد کر چکے ہیں۔ ہم عنقریب مالدووا کے ایک شہر کی میئر کی درخواست پر وہاں سکول کے بچوں کو سکول کے بیگز اور دیگر سامان بھی دینے جائیں گے۔خواتین ونگ کی چیئر فرناز ابراہیمی نے کہا کہ ہماری تنظیم میں مختلف مذاہب و نسل کی خواتین شامل ہیں اور ہم بلا تفریق خواتین کی مدد اور رہنمائی کریں گے۔ سارہ جہاں کا کہنا تھا کہ ہم اس تنظیم کو ہر ایک کے لئے رہنمائی کا ذریعہ بنائیں گے۔ ۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کی جوس، کافی اور کیکس سے تواضع کی گئی۔