غیرملکی صحافیوں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی رپورٹنگ سے روک دیا گیا

August 06, 2020

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) بی بی سی نے تصدیق کی ہے کہ مودی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آئین کی دفعہ 370 منسوخ کئے جانے کے بعد بھارتی حکومت غیر ملکی صحافیوں کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کے حوالے سے رپورٹنگ کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔ برطانیہ میں ایک ملین سے زیادہ کشمیریوں کی موجودگی کے باوجود برطانوی چینلز پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں قتل عام اور مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ ریاستی دہشت گردی کی کوریج نہ کرنے پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔ کشمیر کی خودمختار حیثیت ختم کئے جانے کو ایک سال مکمل ہونے پر برٹش کشمیریوں نے درجنوں پٹیشنز دائر کیں، جن میں بی بی سی، آئی ٹی وی اوراسکائی ٹی وی کی کشمیر کے مسئلے کی کوریج نہ کرنے پر مذمت کی گئی۔ جیو اور جنگ کو انٹرویو دیتے ہوئے بی بی سی کے ایک ترجمان نے تصدیق کی کہ صرف بی بی سی کیلئے کام کرنے والے بھارتی شہریوں کو ہی مقبوضہ کشمیر میں داخلے کی اجازت ہے اور یہ بات سب ہی جانتے ہیں کہ بھارت یورپی اور انگلش ارکان پارلیمان اور غیر جانبدار میڈیا کو کشمیر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہا۔