بیروت دھماکےعالمی امن کے ٹھیکے داروں کیلئے سوالیہ نشان ،حامدموسوی

August 06, 2020

اسلام آباد( خصوصی نمائندہ)قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہاہے کہ بیروت دھماکے سے ہیروشیما جیسی تباہی عالمی امن کے ٹھیکے داروں کیلئے سوالیہ نشان ہے۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی سپریم کونسل کے دوروزہ اجلاس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی اداروں پرزوردیاکہ وہ دنیاکو عالمی جنگ سے بچانے کیلئے کرداراداکریں۔سپریم کونسل کااجلاس محرم الحرام سمیت تنظیمی فیصلوں اور مختلف قراردادوں کی منظوری کے بعد اختتام پذیر ہو گیا۔ٹی این ایف جے کے مرکزی ترجمان کے مطابق ایک قرارداد میں مقبوضہ کشمیر کی پاکستان کے نقشے میں شمولیت کو کشمیریوں کی امنگوں کی ترجمانی ، قائداعظم کے خواب کی تعبیر قرار دیا گیا۔ اختتامی سیشن سے شجاعت علی بخاری ، علامہ حسین مقدسی ، علامہ اصغر علی نقوی ، سید غضنفر علی شاہ ایڈوکیٹ ، انجینئر ہادی عسکری ،ساجد حسین کاظمی، علامہ بشارت حسین امامی ،علی اجود نقوی سمیت دیگر اراکین سپریم کونسل نے بھی خطاب کیا۔