یوم استحصال کشمیر پرریلیاں،بھارتی مظالم کے خلاف نعرے

August 06, 2020

لاہور(نیوز رپورٹر، خصوصی نمائندہ ،وقائع نگار خصوصی،سپیشل رپورٹر،اپنے نامہ نگار سے)یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے مرکزی جماعت اہل سنت کے زیر اہتمام پیر سید عرفان مشہدی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ۔ جس میں سید احسان گیلانی، سرور حسین زاہداور علامہ فاروق احمد ضیائی نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرین نے مظلوم کشمیریوں کے حق اور بھارتی مظالم کیخلاف نعرے بازی کی ۔ ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ مرکزی جماعت اہل سنت پیر سید عرفان مشہدی نے کہا کہ وہ وقت اب دور نہیں جب یہ نعرہ حقیقت بنے گا کہ کشمیر بنے گا پاکستان اور ہم کشمیری عوام کی آزادی کا جشن کشمیر جاکر منائیں گے ۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث لاہور شہر کے زیر اہتمام راوی روڈ پریوم استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیریوں کے حق کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی قیادت ناظم شہر حافظ بابر فاروق رحیمی ناظم پنجاب حافظ یونس آزاد اور ناظم تنظیمات ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں اور بھارتی جبر و استبداد کی شدید الفاظ میں مذ مت کرتے ہیں۔پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن کے زیراہتمام یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ریلی نکالی گئی ۔جس کی قیادت ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور ڈویژن عامر نثار چوہدری نے کی۔ریلی میں ڈپٹی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ سول شاہد عباس ملک ، ڈپٹی ڈویژنل سپرٹینڈنٹ مکینیکل اسد فاروق چشتی اور تمام ڈویژنل آفیسران نے شرکت کی۔کشمیر سنٹر کے زیر اہتمام بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو تبدیل کرنے کے ایک سال مکمل ہونے پر پریس کلب کے باہر بھارت کے کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں کشمیر سنٹر کے سربراہسردار ساجد محمود، رہنماکل جماعتی حریت کانفرنس انجینئر مشتاق محمود،مرزا عامر جرال، خوشحال شاہین،سفیر احمد عباسی، راجہ شہزاد، زرقا جاویدغلام عباس میراوراکرام بٹ نے خطاب کیا۔ایپکاکی کال پرسندھ، پنجاب، خیبر پختو نخواہ ، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر ، گلگت بلتستان، اسلام آباد کے تمام اضلاع میں اظہار یکجہتی کشمیر ریلیاں نکالی گئیں۔ کشمیر میں بھارتی استحصالی نظام، مسلسل کرفیو، لاک ڈائون اور ہر روز دہشت گردوں کی طرح معصوم شہریوں کے قتل کا سلسلہ جاری ہے اس بربریت کو لگام دینے کے لئے اقوام متحدہ اپنی خاموشی توڑے اور اپنی منظور کردہ قرار داد کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا بنیادی حق تفویض کرے آل پاکستان ورکرزکنفیڈریشن کے منعقدہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے خورشیداحمد جنرل سیکرٹری نے پاکستان کے محنت کش کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر یوم استحصال کے موقعہ پر کہا کہ دنیا میں امن پسند ممالک اور تنظیمیں گزشتہ ایک برس سے مظلوم کشمیری بھائیوں کی آہ وبکا پر توجہ دیں تاکہ کشمیر میں ہونے والا ظلم انجام کو پہنچ سکے ۔