مودی کوکشمیریوں کوحق خودارادیت دیناپڑے گا،صوبائی وزراء

August 06, 2020

لاہور( خصوصی رپورٹر،اپنے نامہ نگار سے) صوبائی وزیر لیبرانصرمجیدخان نے یوم استحصال کشمیرپر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نریندرمودی کو کشمیریوں کو حق خودارادیت ہر قیمت پر دیناہوگا۔آج کا دن ہمیں مقبوضہ کشمیرکے مسلمانوں سے اظہاریکجہتی کا پیغام دیتاہے۔ صوبائی وزیر لیبر نے کہا کہ نریندرمودی نے معصوم کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے۔ ہم اپنے معصوم اورمظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ تاریخ میں پہلی بارکسی حکمران نے کشمیریوں کوحق خودارادیت دلوانے کیلئے اس اندا زمیں آواز بلندکی ہے۔انصرمجیدخان نے کہا کہ آج پوری دنیا مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے خلاف شدیدمذمت کررہی ہے۔آج کشمیری قوم کے ساتھ پاکستانی قوم کے حوصلے بھی بلند ہیں۔ صوبائی وزیر وائلڈ لائف سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ کشمیر میں غلامی کی زنجیریں ضرور ٹوٹیں گی، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور دونوں ایک جسم اور جان کی مانند ہیں۔سید صمصام علی بخاری کی زیرقیادت گزشتہ روزلاہور چڑیا گھر میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ فضا کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ عوام کی بڑی تعدادنے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلی میں شرکت۔ بخاری نے کہا کہ قابض افواج کے مظالم کشمیری عوام کی آواز کو نہیں دبا سکتے۔ کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہونے کو ہے۔ اقوام عالم کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔