مقبوضہ کشمیر کبھی بھی بھارت کاحصہ نہیں بن سکتا،مذہبی رہنما

August 06, 2020

لاہور(وقائع نگار خصوصی)مذہبی رہنماؤں نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کا قبرستان تو بن سکتا ہے لیکن بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا،سکھ خالصتان کی تحریک کو تیز کریں ۔ چیئرمین تنظیم اتحاد امت پاکستان اور کوآرڈینٹر متحدہ علماءبورڈ حکومت پنجاب پیر محمد ضیاءالحق نقشبندی نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہا کہ کشمیر کی آبادیاتی ساخت تبدیل کرنے کی مذمت کرتے ہیں، حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کردہ نقشہ کی بھرپور تائید وحما یت کرتے ہیں ۔او آئی سی میں شامل اسلامی ممالک کو کھل کر مسئلہ کشمیر پر بات کرنی چاہے چیئرمین پاکستان علماءکونسل حافظ محمد طاہر محموداشرفی نے کہا کہ آج پوری قوم نے بھر پور جوش وخروش سے کشمیریوں کی زبان سے یک زبان ہوکر یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی ماوں ،بہنوں اور بیٹیوں کے ساتھ ہیں۔مفتی محمد قیصر شہزاد نعیمی ذ مولانا محمد علی نقشبندی اور سید تنویر حسین نے کہا کہ یوم استحصال کشمیر کے موقع پر صدر پاکستان کی جانب سے سینیٹ کا خصوصی اجلاس بلانا بھی قابل تعریف عمل ہے۔ حافظ ذیشان، امیر علی خان،مولانا اجمل شفیق ،مفتی غلام یاسین نظامی ،مولانامحمد عابد قادری ،مولانا حافظ اکبر جتوئی ،مفتی ابوبکر قریشی ،ڈاکٹر بدر منیر سیفی ،مفتی سید عاشق حسین ،مولانا عاصم مخدوم اوردیگررہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔