آزادی کشمیر کاراستہ کوئی قرارداد نہیں،صرف جہاد ہے،علماء

August 06, 2020

لاہور( وقائع نگار خصوصی )یوم استحصال کشمیر پر سیمینارز کاانعقاد ہوا، اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سر براہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کشمیر کا راستہ کوئی ترانہ کوئی قرارداد نہیں بلکہ صرف اور صرف جہاد ہے 'حکومت کا ابتک سوائے باتوں 'بیانات اور خوشی فہمیوں کے سواکوئی ایک بھی عملی قدم کشمیر یوں کی حمایت میں سامنے نہیں آیا ۔ ڈاکٹر سید طالب الر حمن زیدی 'پروفیسر مولانا فیاض احمد سلفی سمیت دیگر بھی شر یک ہوئے ۔جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاری محمد زوار بہادر نے بھی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کا واحد راستہ جہاد ہے کشمیر تقریروں اور قرار دادوں سے کبھی آزاد نہیں ہو گا ۔مفتی تصدق حسین، رشید احمد رضوی ،محمدارشد مہر،مولانا سلیم اعوان اوردیگر مقررین نے بھی سیمینارسےخطاب کیا۔سنی تحریک کے ڈویژنل صدر سردار محمد طاہر ڈوگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسی لاکھ کشمیری مسلمانوں کو جیل نما ء وادی میں قید کر کے جمہوری و انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔مرکزی علماءکونسل پاکستان کی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیاگیا۔ مرکزی شوریٰ کا اجلاس زیر صدارت چیئرمین مرکزی علماءکونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمودقاسمی منعقد ہوا۔ تنظیم مشائخ عظام پاکستان ضلع لاہور کے زیر اہتمام تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر قائد روحانی انقلاب صوفی مسعود احمد صدیقی المعروف لاثانی سرکار نے کی۔ صوفی مسعود احمد صدیقی المعروف لاثانی سرکار نے کہاکہ ہماری تمام تر ہمدردیاں کشمیری بھائیو ں کے ساتھ ہیں اوربہت جلد کشمیری مسلمان آزادی سے سرفراز ہونگے ،جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیرا عجاز احمد ہاشمی نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ریاست میں رائے شماری کرواکر کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دیا جائے ۔ تنظیم الفجر پاکستان کے زیراہتمام سیمینار ہوا،جس میں محمد یحی،بابرحبیب ،طارق مقصود اوردیگر نے شرکت کی،اکمل اویسی نے خطاب کیا۔