سریاب میں خصوصی صفائی مہم فوری شروع کی جائے‘بی این پی

August 06, 2020

کوئٹہ (آ ن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سریاب کے مختلف علاقوں پی بی 30 ، 31 اور 32 میں کچرے کے انبار لگ گئے جس سے مختلف بیماریوں اور وباء کے پھیلنے کا خدشہ ہے ۔چھ ماہ قبل میٹروپولیٹن کے عملے کو مذکورہ علاقوں کی نشاندہی کرائی گئی لیکن تاحال صفائی نہ ہوسکی ضلعی انتظامیہ جان بوجھ کر سریاب کو پسماندہ رکھنا چاہتی ہے ۔اسی طرح ایک سال قبل یونین کونسل کیچی بیگ اور یونین کونسل شادینزئی کو باقاعدہ میٹروپولیٹن کوہٹہ میں شامل کرنے کے حوالے سے منعقد ہونے والے پروگرام میں صوبائی وزیر بلدیات سردار صالح بھوتانی نے ان دو حلقوں کو مشینری کے لئے ایک ارب روپے جبکہ فوری طور پر صفائی کی مد میں 50 لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا اورصوبائی وزیر کی جانب سے 50 لاکھ روپے فوری طور پر جاری کئے گئے مگر ایک سال گزرنے کے باوجود تاحال اب تک سریاب میں صفاہی مہم نہیں شروع ہوسکی۔ بیان میں کہا گیا کہ حکومتی ناروا پالیسی پر ہم کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرینگے ۔میٹروپولیٹن کا عملہ فوری طور پر سریاب میں خصوصی صفائی مہم شروع کرے۔