کورونا وبا سے تاریخ میں پہلا صنعتی پہیہ رک گیا ہے، سیکرٹری انڈسٹری

August 06, 2020

پشاور (نیوزڈیسک) سیکرٹری انڈسٹری خیبر پختونخوا جاوید خان مروت نے کہاہے کہ COVID-19 سے دنیا کی تاریخ میں پہلی بار انڈسٹری کا پہیہ رک گیاہے اور حکومت ،چیمبرز اور صنعت کاروں کے باہمی تعاون سے خیبرپختونخوا میں موجودہ صورتحال پر بہت جلد قابو پایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ریجنل آفس پشاور میں ایف پی سی سی آئی کے سابقہ نائب صدور، موجودہ ایف پی سی سی آئی ایگزیکٹیو اور جنرل باڈی ممبران کی شاندار خدمات کے سلسلے میںگولڈمیڈل تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جاوید خان مروت نے کہاکہ کلابٹ انڈسٹریل سٹیٹ میں بجلی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کرکے نئے فیڈر لگایاگیاہے جبکہ رشکئی اکنامک زون،حطاراور دیگرانڈسٹریل اسٹیٹ کے مسائل حل کرنا مشن ہیں ، توانائی بحران سمیت دیگر مسائل حل کرنے کا اعادہ کیا ہے، انہوں نے کہاکہ تاجر برادری سرمایہ کاری کے فروغ میں اپنا رول ادا کرے اور پراڈکٹ کے معیار کو بہتربناکر اوپن مارکیٹ میں مقابلہ کرے۔ انہوں نے کہاکہ صرف مراعات دینے سے انڈسٹری ترقی نہیںکرسکتی، اس کیلئے بزنس کمیونٹی کوحکومت کے ساتھ باہمی تعاون کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کے تمام انڈسٹریل زون میں سہولیات دینگے تاکہ بزنس کمیونٹی سکھ کا سانس لیں سکیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سارک چیمبر کے نائب صدر حاجی غلام علی ، نائب صدرایف پی سی سی آئی قیصر خان دائودزئی، سابقہ نائب صدرحاجی افتخار احمد ، سرتاج احمد خان نے کہاکہ ملک میں روزگار کے مواقع صنعت وتجارت کے فروغ کے بغیر ناممکن ہیں اور صنعت کاروں کو حکومت سہولیات دے کرملک میں بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہوسکتا ہے۔ ا نہوں نے کہاکہ انڈسٹری ترقی کرے گی تو ملک کو قیمتی زرمبادلہ ملے گااور ملک میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کی بزنس کمیونٹی کے شاندار خدمات پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں انجم نثار نے سابقہ نائب صدور، موجودہ ایگزیکٹیواور جنرل باڈی ممبران کو گولڈ میڈل کواحکامات دیئے۔ انہوں نے گولڈ میڈل وصول کرنے والوں کو مبارکباد دی، انہوں نے کہاکہ کورونا وباء کے باوجود میاں انجم نثار صدر ایف پی سی سی آئی اور ا س کی ٹیم نے بزنس کمیونٹی کے لئے شاندار خدمات انجام دی ہیںجس پر بزنس کمیونٹی اس کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔