یوم استحصال مقبوضہ کشمیر تاجر اتحاد کے زیراہتمام ریلی نکالی گئی

August 06, 2020

پشاور (وقائع نگار) تاجر اتحاد خیبر پختونخوا نے یوم استحصال مقبوضہ کشمیر کی مناسبت سے نوتھیہ پھاٹک تا سنہری مسجد تک ریلی نکالی ریلی کی قیادت تاجر اتحاد کے صدر مجیب الرحمن کر رہے تھے جس میں تاجر رہنماؤں محمد شوکت ، ظفر منہاس ، عزیز خان ، نصیر ہاشمی اور مختلف بازاروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی مظاہرین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے لاک ڈاون کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے جس پر عالمی طاقتوں اوراقوام متحدہ نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے جو افسوسناک ہے کشمیر میں آئے روز بے گناہ شہریوں کو قتل کیا جارہا ہے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کر دی گئی ہے مسلسل کرفیو اور جنگ و جدل نے کشمیریوں کو ذہنی مفلوج بنا دیا ہے لیکن بھارتی حکمرانوں کو ان مظلوم شہریوں کی مشکلات کا کوئی فکر نہیں انہوں نے کہاکہ کشمیر کے عوام تو خود آزادی کی طویل جنگ لڑ رہے ہیں تاہم مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک پاکستان کے عوام بھی چین سے نہیں بیٹھیں گے ان کا کہنا تھا کہ نہتے اور بے گناہ کشمیری دنیا کی چوتھی بڑی فوجی قوت کا مقابلہ کررہے ہیں جن کی جرات کو سلام کرنا چاہیے ریلی شرکاءنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے حالات انتہائی تشویشناک ہیں اورانسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سمیت اقوام متحدہ کو اس کا نوٹس لینا چاہئے تاکہ کشمیریوں کو آزادی مل سکے۔