کم وزن روٹی فروخت کرنے پر 31نانبائی گرفتار

August 06, 2020

پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک نے کم وزن روٹی فروخت کرنے پر 31 نانبائیوں کو گرفتار کرلیا محکمہ خوراک نے رنگ روڈ‘ کوہاٹ روڈ‘ باڑہ روڈ اوردلہ زاک روڈ پر نانبائیوں کی دکانوں سے عام شہری کے روپ میں خریداری کی اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے اور کم وزن روٹی فروخت کرنے پر 31 نانبائیوں کو دھرلیا۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک کے اعلیٰ افسران اور ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی خصوصی ہدایات کے مطابق کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے واضح احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ کم وزن روٹی کی خرید و فروخت اور مقررہ نرخ سے تجاوز کرنے والے دکان کو سیل کردیا جائے کیونکہ حکومت کی جانب سے گندم اور آٹے کی سرکاری کوٹے کے تحت ترسیل جاری ہے اس کے باوجود نرخوں میں از خود اضافہ کرنا بلا جواز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نانبائی اپنا قبلہ درست کرے بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔