بارشوں کی پیشگوئی، بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

August 06, 2020

محکمہ موسمیات نے جمعرات سے ہفتہ کے دوران سندھ اور مشرقی بلوچستان میں موسلادھار بارش کی پشگوئی کی ہے جس سے اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے محکمہ جات کو الرٹ اور ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں سے کراچی، حیدرآباد اور دیگر بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ ہوسکتی ہے، روڈ کلئیرنس مشینری، ضروری عملہ ہنگامی صورتحال کیلئے تیار رکھیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش کےدوران غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں، بجلی کے کھمبوں اور دیگر برقی تنصیبات سے فاصلہ رکھیں۔

ترجمان این ڈی ایم اے نے ہدایت کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ اور مکران کے ساحل پر سمندری لہروں کا زور رہےگا ماہی گیر گہرے پانی میں جانے سے گریز کریں۔