بیروت میں ہولناک دھماکا، سوگ میں ایفل ٹاور کی روشنیاں گل

August 06, 2020

لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ کے قریب منگل کو ہونے والے خوفناک دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں ایفل ٹاور اندھیرے میں ڈوب گیا۔

لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ کے قریب منگل کے روز ہونے والے زوردار دھماکوں میں جاں بحق اور زخمیوں سے اظہار یک جہتی کے لیے پیرس کے ایفل ٹاور کی روشنیاں مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ قبل بجھا دی گئیں۔

واضح رہےکہ دھماکوں کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 100 سے زائد ہو گئی، واقعے میں 4 ہزار افراد زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بیروت میں دھماکوں سے 3.3 شدت کے زلزلے کا ارتعاش محسوس کیا گیا جبکہ دھماکوں کی شدت بیروت سے 240 کلو میٹر دور قبرص تک محسوس کی گئی۔

دھماکے اس قدر شدید تھے کہ میلوں دور تک عمارتیں لرز اٹھیں اور بندرگاہ کے علاقے میں کئی گاڑیاں اڑ کر عمارتوں کی تیسری منزل پر جا گریں۔ دھماکوں کے بعد لبنان میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔