کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش

August 06, 2020

کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، کچھ دیر کی بارش کے بعد ہی کئی مقامات پر بارش کا پانی جمع ہوگیا۔

آئی آئی چند ریگر روڈ پر شاہین کملپکس، گورنر ہاؤس، کورٹ روڈ، شارع فیصل اور جوہر چورنگی سمیت مختلف شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ ہفتے تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب کراچی میں مون سون کے چوتھے اسپیل سے پہلے ہی چند منٹ کی بارش سے کے الیکٹرک کے 600 فیڈر ٹرپ کرگئے، جبکہ شہر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ تین سے دس گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔

لوڈشیڈنگ سے متاثر ہونے والے علاقوں میں نارتھ کراچی، نیو کراچی، منگھو پیر، سرجانی، ناظم آباد، گارڈن کے علاقے شامل ہیں۔

لیاری، بلدیہ، سعید آباد، لیاقت آباد، احسن آباد اورنگی ٹاون کے مختلف حصے بھی بجلی سے محروم ہیں۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر بھر میں کسی قسم کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جاتی ہے، کےالیکٹرک کے بن قاسم پاور پلانٹ پر شیڈول کے مطابق مرمتی کام کیا جا رہا ہے، جس کے باعث لوڈ شیڈنگ کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، جبکہ کچھ مستثنیٰ علاقوں میں عارضی لوڈمینجمنٹ کی جارہی ہے۔