لاہور: بارش کا پانی جمع کرنے کیلئے واٹر ٹینک منصوبہ مکمل

August 06, 2020

لاہور میں بارش کا پانی جمع کرنے کے لیے لارنس روڈ پر بڑا واٹرٹینک منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچ گیا جس پر 15 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

لارنس روڈ پر قائم واٹر ٹینک منصوبے کا رقبہ 14 ہزار مربع فٹ اور گہرائی 15 فٹ ہے اور اس میں بارشوں کا 14 لاکھ گیلن کا پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔

ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی بسم اللّٰہ پارک تاج پورہ اور بیرون شیرانوالہ گیٹ پر دو واٹر ٹینک بنانے کی منظوری دیدی ہے۔

تاج پورہ میں ٹینک میں 12 لاکھ گیلن اور شیرانوالہ گیٹ ٹینک میں 15 لاکھ گیلن پانی ذخیرہ ہوسکے گا۔

ایل ڈی اے کے مطابق شہر میں مزید آٹھ مقامات پر ایسے منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔

گورننگ باڈی نے فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے 24 مقامات پر بڑی تعداد میں گھنے درخت لگانے کی منظوری بھی دی۔ اس مقصد کے لیے 15 کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے۔