بلوچستان: مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع

August 06, 2020

بلوچستان کے شمال مشرقی اور وسطی علاقوں میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ہرنائی شہر اور گرد و نواح اور پہاڑی سلسلوں میں تیز بارش کے بعد ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے باعث پنجاب قومی شاہراہ بند ہوگئی۔

زیارت شہر اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں پر بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات نے چھ اگست سے آٹھ اگست تک قلات، خضدار، آواران، جعفرآباد اور جھل مگسی سمیت صوبے کے مشرقی علاقوں میں طوفانی بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے مکران کے ساحلی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے حکام نے ان علاقوں میں بارش کے باعث سیلاب کی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر چھ اگست سے اٹھ اگست کے دوران ساحلی علاقوں میں ماہی گیری کو گہرے سمندر میں نہ جانے، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے پرہیز اور بارشوں کے دنوں میں عوام کو پکنک پوائنٹس اور دریا، ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مو سم گرم اور مرطو ب رہے گا۔