آج ہے، بار بی کیو پارٹی

August 07, 2020

عظمٰی صدیقی

عید الاضحی کے بعد باربی کیو پارٹیز کا سلسلہ کئی ہفتوں تک چلتا رہتاہے ۔جس میں چھوٹے،بڑے سب ہی مزے کرتے ہیں ،اس پارٹی کا مزہ دوبالا کرنےکے لیے چند چٹ پٹےپکوان کی تراکیب آپ کے لیے پیش کی جارہی ہیں ۔

کشمیری سیخ کباب

اجزاء: گائے کاقیمہ ایک کلو، انڈے دو عدد، سونف پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، نمک حسب ذائقہ، ادرک کاپیسٹ ایک چائے کا چمچہ، دار چینی پائوڈر آدھا چائے کا چمچہ، زیرہ پائوڈر ایک چائے کا چمچہ، پیاز ایک عدد، سوکھا پودینہ ایک کھانے کا چمچہ، مکھن دو کھانے کے چمچے

ترکیب: قیمے میں تمام مسالے ڈال کر پیس لیں۔ اس میں کٹی پیاز، انڈے اور دو کھانے کے چمچے مکھن ڈال کریک جا کریں۔ ا نہیں سیخوں میں لگاکر کوئلوں پر سینک لیں۔ چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

مٹن تکّہ

اجزاء: بکرے کا گوشت (ران والی بوٹیاں) ایک کلو، تیل چار سے چھ کھانے کے چمچے، کالی اور لال مرچ (کُٹی ہوئی) ایک چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، سفید زیرہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، کچا پپیتاپسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، لیموں چار عدد۔

ترکیب: بوٹیاں کو دھو کر ایک برتن میں رکھ لیں۔ تمام مسالے اچھی طرح یک جا کرکے بوٹیوں پر لگا ئیں، پھرلیموں کا رس ڈال کر دو گھنٹے رکھ دیں ۔اب ان بوٹیوں کو سیخوں میں لگا کر سینک لیں۔ درمیان میں تیل لگاتی رہیں۔ تیار ہونے پر رائتے یا چٹنی کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔

بیف تکہ بوٹی

اجزاء: گائے کا گوشت آدھا کلو، کچا پپیتا (پسا ہوا) دو چائے کے چمچے، ادرک،لہسن کا پیسٹ آدھا چائے کا چمچہ،نمک حسبِ ضرورت، دہی دو کھانے کے چمچے، لال مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، ہری مرچ ایک چائے کا چمچہ (کٹی ہوئی)

ترکیب: ایک پیالے میں تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح یک جا کرلیں۔اب گوشت کو پانچ سے چھ گھنٹوں کے لیے میرینیٹ کرلیں ، پھر اس کو سیخوں پر لگا ئیں۔کوئلوں پر باربی کیو کریں یا ہلکی آنچ پر گرل کرلیں۔پودینے کی چٹنی، چاولوں یا سلاد کے ساتھ گرم گرم تکہ پیش کریں۔

شامی کباب

اجزا:گائے کا گوشت بغیر ہڈی کا ایک کلو ،چنے کی دال ایک پائو ،لہسن 8 جوئے، ثابت لال مرچ 20 سے 25 عدد، گرم مسالہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، انڈے 2 عدد ،پیاز درمیانی سائز کی 2 عدد (کٹی ہوئی)نمک ،ہرا دھنیااور ہری مرچ حسبِ ضرورت ،تیل تلنے کے لیے ۔

ترکیب:پہلے گوشت اور دال دھو کر دیگچی میں ڈالیں ۔اس میں لہسن، نمک، ثابت مرچ اور گرم مسالہ ڈال کر اتنا پانی شامل کریں کہ گوشت اچھی طرح گل جائے اور پانی بالکل خشک ہوجائے ۔بعدازاں اس مسالے کو مشین میں یاسل پر پیس لیں ۔اب اس میں انڈے شامل کرلیں ساتھ ہی ہرا دھنیا ،مرچ اور پیاز باریک کاٹ کر اچھی طرح یک جا کرلیں ۔اب اس کے کباب بناکر گرم تیل میں تل لیں ۔مزیدار شامی کباب تیار ہے ۔نان یا پراٹھے کے ساتھ پیش کریں ۔

بیف بہاری باربی کیو

اجزاء: بیف آدھا کلو(پتلے پارچے)، دہی ایک پاؤ، پیاز ایک عدد درمیانی تلی ہوئی، لہسن ادرک کا پیسٹ دو کھانے کےچمچے، بھنا ہوا سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ، لال مرچ حسب ذائقہ، پسا ہوا گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ، ہلدی آدھا چائےکا چمچہ، بیسن چار کھانے کے چمچے (بھون لیں)، مسٹرڈ آئل چار کھانے کے چمچے، نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب:۔ ایک پیالے میں گوشت کے پارچے اورتمام مسالے ڈا ل کریک جا کر لیں۔اور تین سے چار گھنٹے رکھ دیں۔اب ان پارچوں کو سیخوں پر لگا کر گرم کوئلوں پر سینک لیں۔اگر آپ چاہیں تو اس کو بیک یا فرائی بھی کر سکتی ہیں۔سلاد کے پتے، ٹماٹر اور کھیرا کاٹ کرسجا دیں۔