سانحہ سول ہسپتال کوسیاہ دن کے طور پر یاد رکھاجائے گا،اے این پی

August 07, 2020

کوئٹہ (آ ن لائن)عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلعی صدر جمال الدین رشتیاء ،جنرل سیکرٹری حاجی نذرعلی پیر علی زئی ،حاجی شان عالم کاکڑ، عین الدین ترین ،ثناء اللہ کاکڑ،غلام محمدکاسی،سید یاسین آغا،صحبت خان کاکڑ، زمان کاکڑ،اخلاق بازئی،ماسٹرعبدالعزیز کاکڑ،ندیم کاسی ،ملک عرفان بازئی اور حبیب ننگیال نے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ 8اگست 2016 کےسانحہ سول ہسپتال کو صوبے کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا جب یہاں کے سب سے حساس،پڑھا لکھا اور ذمہ دار طبقے کو ہم سے چھین لیا گیا پشتونوں بلوچوں نے50 سال کے دوران عدل وانصاف(عدلیہ)کے میدان میں جو محنت اور جہد کی تھی منظم منصوبہ بندی کے ذریعے انہیں صفحہ ہستی سے ہٹادیاگیا ،سانحہ 8اگست انتہائی افسوسناک تھا جس میں قوم کاقیمتی اثاثہ چھین لیا گیا ۔انہوںنے کہاکہ 8اگست2016 سانحہ سول ہسپتال کے نتیجے میں صوبے کوناقابل تلافی نقصان پہنچا۔علاوہ ازیں ضلعی ہیڈکوارٹر میں پارٹی کے زیراہتمام تعزیتی پروگرام منعقد ہوگا تمام یونٹ صدور،سیکرٹریزکارکنوں کوتاکید کی گئی کہ وہ تعزیتی ریفرنس میں اپنی شرکت یقینی بنائیں ۔درایں اثناء پارٹی کے زیراہتمام 8اگست ہفتے کو 4بجے ارباب ہاؤس خدائیداد روڈ پر تعزیتی ریفرنس کاانعقاد کیاجائے گا۔