حکومت اپنا اعتماد بحال کرنے کیلئے 6 نکات پرعمل کرے،بی این پی

August 07, 2020

کوئٹہ (آ ن لائن)کوئٹہ، بلوچستان نیشنل پارٹی کوئٹہ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد لقمان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کا جاری سلسلہ تشویشناک ہے، مختلف علاقوں سے عوام کو نقل مکانی پر مجبور کر دیا گیاہے، آئے روز بلوچ نوجوان لاپتہ کئے جا رہے ہیں،بلوچستان میں مظالم بڑھ چکے ہیں، ریاستی پالیسی بالکل ناکام ہو چکی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاپتہ افراد کے لواحقین سے ماما عبدالقدیر کے کیمپ میں اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی ڈیرہ غازی خان کا وفد بھی موجود تھا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جب تک اپنی پالیسی تبدیل نہیں کرے گی بلوچستان میں تب تک امن کی بحالی ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سردار اختر مینگل کے چھ نکات کو عملی جامہپہنا کر نہ صرف اپنی کھوئی ہوئے اعتماد کو بحال کر سکتی ہے بلکہ اسی کو آغاز حقوق بلوچستان کا نام دے کر بلوچستان کی محرومیوں کو دور کرنے کا آغاز بھی کر سکتی ہے ۔