انگلش وائٹ بال ٹیم کا دورئہ بھارت ملتوی

August 08, 2020

لندن (جنگ نیوز) انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ایک روزہ کرکٹ ٹیم کا دورہ بھارت ملتوی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال پر انگلینڈ کی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کا دورہ بھارت ملتوی کردیا گیا ہے۔ انگلینڈ ٹیم نے رواں سال سمتبر اکتوبر میں بھارت کا دورہ کرنا تھا۔ ای سی بی کا کہنا ہے کورونا وائرس کی صورتحال کی وجہ سے برطانوی ٹیم کا دورہ ملتوی کیا گیا ہے۔ انگلش ٹیم کو رواں برس ستمبر کے اواخر میں بھارت جانا تھا جہاں تین ایک روزہ اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنا تھے۔ نئے شیڈول کے مطابق 2021 میں بھارت کا دورہ کرے گی۔ خیال ہے کہ وائٹ بال سیریز اب مارچ 2021 میں پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز ساتھ کھیلی جاسکتی ہے۔ دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ کے مطابق دونوں بورڈ آفیشلز نئے شیڈول کی تیاری کیلئے کام کررہے ہیں۔البتہ غیرملکی نیوز ایجنسی کے مطابق دورے کے التوا کی وجہ انڈین پریمیئر سے ٹکرائو ہے۔ آئی پی ایل 19 ستمبر سے 10 نومبر تک عرب امارات میں کھیلی جائے گی جبکہ ستمبر میں ہی انگلینڈ کو بھارت جانا تھا۔