اعجاز اسلم پاک فوج کے شکر گزار کیوں؟

August 09, 2020

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اعجاز اسلم نے موسلادھار بارشوں کے بعد کراچی کی صورتحال کنٹرول رکھنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاک فوج کی امدادی کارروائیوں کی تعریف کرتے ہوئے اعجاز اسلم نے اپنا ٹوئٹ کیا۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ وہ بارش کے پانی کی نکاسی کا موثر انداز میں انتظام کرنے پر پاک فوج کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ پاک فوج نے اپنی بروقت کارروائیوں سے کراچی والوں کو ایک بڑی تباہی سے بچا لیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں مون سون کی بارشوں میں پاک فوج نے سول انتظامیہ کی مدد کے لیے ریلیف آپریشن کا آغاز کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں مصروف ہیں اور ڈی واٹرنگ پمپس سمیت ضروری حفاظتی سامان کے ساتھ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں سے پانی نکالا جا رہا ہے جبکہ پانی میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو بھی کیا جا رہا ہے۔