بلجیم میں شدید گرمی کے حوالے سے کوڈریڈ نافذ کردیا گیا

August 10, 2020

برسلز( حافظ انیب راشد ) بلجیم میں شدید گرمی کے باعث کوڈ ریڈ نافذ کردیا گیا ہے ۔ رائیل میٹورولوجیکل انسٹیٹیوٹ (RMI) کی جانب سے اس کوڈ کا مطلب یہ ہے کہ شہری اپنے بزرگوں اور بچوں کو شدید گرمی سے بچانے کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھائیں ۔ اپنے گھر کی کھڑکیاں دروازے بند رکھیں اور دھوپ میں جانے سے احتراز کرتے ہوئے خوب پانی پئیں ۔ یاد رہے کہ کچھ سالوں سے عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے باعث یورپین سرزمین پر بھی کچھ ایسے دن آتے ہیں جو گرمی میں اضافے کے باعث بڑی عمر کے افراد کیلئے ناقابل برداشت ہوتے ہیں ۔ اس دوران فضا میں ایسی حدت اور چبھن ہوتی ہے جس کے باعث طویل العمر افراد سانس لینے میں مشکل محسوس کرتے ہیں اور نتیجے کے طور پر انکی موت بھی واقع ہوجاتی ہے۔ اس لئے حکومت کی جانب سے شہریوں کو پیشگی خبردار کرنے کیلئے یہ رنگوں پر مشتمل الرٹ سسٹم نافذ کیا جاتا ہے۔( RMI )کے مطابق کوڈ ریڈ کے دوران درجہ حرارت 37 ڈگری سے اوپر رہ سکتا ہے۔ یہ ریڈ کوڈ پیر تک نافذ العمل رہے گا۔