گیٹنگ بلڈنگ فنڈ کیلئے درخواست نہ دینے پر جیمز ڈالی کی بری کونسل پر تنقید

August 10, 2020

بری (خورشید حمید) بری کے ایم پی جیمز ڈالی نے بری کونسل کی طرف سے مرکزی حکومت کی ”گیٹنگ بلڈنگ فنڈ“ کی مد میں نوسو ملین پونڈ کی فنڈنگ کےلئے درخواست نہ دینے پر شدید تنقید کی ہے - یاد رہے کہ حکومت نے پورے ملک میں آبادی بڑھنے والے علاقوں میں چار سو پراجیکٹس کےلئے یہ فنڈنگ منظور کی ہے لیکن ایم پی کے مطابق بری کونسل اس فنڈنگ کی درخواست دینے میں ناکام رہی -انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں 444 پراجیکٹس کی فنڈنگ کے لئے درخواستیں دی گئی ہیں لیکن بری کونسل کی طرف سے فنڈنگ کے لئے درخواست نہ دینا مکمل ”مایوسی“ ہے - ہم جانتے ہیں کہ بری ‘ رامز باٹم اور ٹوٹنگٹن میں بہت سے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے لیکن عجیب بات ہے کہ لیبر کونسل نے نوسو ملین پونڈ کی اس فنڈنگ کو مکمل طور پر نظرانداز کیا ہے - یہ سرمایہ کاری مرکزی حکومت نے لوگوں کی مدد کےلئے شروع کی ہے جس میں ہے وڈ میں سڑکوں کے تعمیر اورسینٹرل مانچسٹر میں کمرشل ری جنریشن پراجیکٹس برائے تعمیر و ترقی کے پراجیکٹس شامل ہیں جن کے ذریعے گرین کنسٹرکشن کے ہنر مندوں کو بھی مدد ملے گی -بری میں اس فنڈنگ سے تبدیلی لائی جا سکتی تھی لیکن بری کونسل نے اس فنڈنگ طرف کوئی توجہ نہیںد ی - جیمز ڈالی نے مزید کہا کہ بری کونسل کو ان کے ساتھ مل کر بری کی خدمت کرنی ہو گی اور حکومت کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہو گا- ایم پی کے جواب میں بری کونسل کے لیڈر ایمون اوبرائن نے کہا ہے کہ مسٹر ڈالی اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ بری کونسل کے عملے نے پچھلے چھ ماہ میں عوام کو کروناوائرس سے بچانے کےلئے کس قدر محنت سے کام کیا ہے -یہ بات واضح ہوئی ہے کہ ابھی حکومت نے پچھلے ہفتے ہی یہ اعلان کیا ہے کہ لوکل اتھارٹیز 54 ملین پونڈ تک مرکزی حکومت سے لے کر تیار شدہ پراجیکٹس کو چلا سکتی ہیں - ہم جانتے ہیں کہ یہ سرمایہ کار ی گیارہ ہزار سے زیادہ ملازمتیں پیدا کرے گی اور اس فنڈنگ سے مانچسٹر کے علاقے میں ایک ہزار سے زیادہ نئے گھر بھی تعمیر ہوں گے - فنڈنگ کےلئے درخواست نہ دینے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ فنڈنگ کےلئے جو طریق کار ہے اس سے فرسٹیریشن پیدا ہوئی ہے -ہمارے پاس بری کے علاقے میں درجنوں پراجیکٹس ایسے ہیں جو اس فنڈنگ کے عین مطابق ہیں - مسٹر ڈالی کو بجائے بری کونسل کے عملے کی حوصلہ افزائی کے ملازمین کی حوصلہ شکنی کر رہے ہیں - دوسری طرف مسٹر ڈالی اب تک مرکزی حکومت سے بری کے پراجیکٹس کےلئے فنڈنگ حاصل کرنے میں ناکام ہوئے ہیں اور اپنی حکومت کا ناجائز دفاع کر رہے ہیں - ہمارے ایک پراجیکٹ جس میں بزنس سائبر سنٹر اور یونیورسٹی ریسرچ سپر ہب تک سڑک کی تعمیر شامل ہے نے بتدریج 3.7 ملین اور 14.6 ملین پونڈ کی گرانٹس حاصل کی ہیں - گریٹر مانچسٹر کے دو پراجیکٹس جن میں ساؤتھ ہے وڈلنک روڈ بھی شامل ہے نے دس ملین پونڈ کی گرانٹ حاصل کی ہے اور سینٹرل مانچسٹر میں مے فیلڈ پارک ڈویلپمنٹ کے لئے23 ملین پونڈ کی گرانٹ وصول کی ہے -