مسئلہ کشمیر پر عالمی ضمیر کو بیدار ہونا پڑے،عامر علی ندیم

August 10, 2020

سٹاک ہوم(نمائندہ جنگ) کشمیر کمیٹی سویڈن کے زیراہتمام، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کئے جانے، بھارتی فوج کے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ تسلط اور لاک ڈائون کو ایک سال مکمل ہونے پر اسٹاک ہوم میں ایک تقریب کا اہتمام کیاگیا۔تقریب سے کشمیر کمیٹی سویڈن کے صدر عامر علی ندیم نے اپنے خطاب میںکہا کہ مسئلہ کشمیر پر عالمی ضمیر کو بیدار ہونا پڑے گاانہوںنے مظلوم کشمیریوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دلیر اور بہادر کشمیریوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور بھارت اور وزیراعظم مودی کو آڑے ہاتھوں لیا ،عامر علی ندیم نے حکومت پاکستان کے حالیہ اقدام جس میں پاکستان کے سیاسی نقشہ میں کشمیر کو پاکستان کا حصہ دکھایا گیا ہے، کی بھرپور حمایت کی ،کشمیر کمیٹی سویڈن کے انفارمیشن سیکرٹری ملک عامر جبار نے اپنے خطاب میں کہا کہ حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام کی دلیرانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو یہ باور کروانا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں۔تقریب کے دوران ملی نغمے بھی پیش کیے گئے جبکہ ایک بڑی سکرین پر بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی ۔۔ تقریب سے کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی جن میں رحمت علی،بلال مصطفی،محمد صغیر، ملک شہزاد، ملک ایوب خان،چوہدری بشارت،شفقت کھٹانہ و دیگر نے بھی خطاب کیا اور بھارت کے غیر قانونی اقدام کی شدید الفاظ میں مزمت کی اور مظلوم کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا۔