فاسٹ فوڈ چین کےکھانے میں چکن کے بجائے چہرے کا ماسک نکل آیا

August 10, 2020

لندن(نیوزڈیسک)برطانیہ کے علاقے آلڈرشاٹ کی رہائشی خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ مشہور فاسٹ فوڈ چین سے خریدے گئے کھانے میں سے چہرے کے ماسک کے حصے برآمد ہوئے جس کی وجہ سے ان کی بیٹی کو پھندہ لگ گیا۔ منگل کو 32 سالہ لارا آربر نے ہیمپشائر کاؤنٹی کے علاقے آلڈرشاٹ میں واقع مکڈونلڈز کی شاخ سے اپنی چھ سالہ بیٹی میڈی کو ایک ہیپی میل خرید کر دیا۔ تاہم جب ایک چکن نگٹ ان کی بیٹی کے گلے میں پھنس گئی تو انھیں بچی کے حلق میں اُنگلی ڈال کر انھیں قے کرنے پر مجبور کرنا پڑا۔ انھوں نے بی بی سی کو بتایا: ’جب میری بیٹی کو قے آئی تو کچھ نیلا نیلا سا نکلا۔ وہ ایک ماسک تھا جو کہ پک کر بالکل اکڑ گیا تھا۔‘ مکڈونڈلز کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ لارا آربر کے مطابق انھیں شروع میں سمجھ نہیں آئی کہ یہ کیا معاملہ ہے۔ پھر ان کی نظر نگٹس کے ڈبے پر پڑی جس میں سے ایک ٹکڑے میں سے کچھ نیلا نیلا دکھائی دے رہا تھا۔ ’وہ ماسک پک کر بالکل چیؤنگم کی طرح ہو گیا تھا۔‘ ان کے مطابق اگر وہ اس وقت کمرے میں نہ ہوتیں تو انھیں شاید سمجھ نہ آتی کہ ان کی بیٹی کے ساتھ کیا ہوا ہے۔ چار بچوں کی ماں لارا نے بتایا کہ وہ فوراً شکایت کرنے ریستوران واپس گئیں اور مینیجر سے بات کی۔ ان کے مطابق مینیجر نے انھیں بتایا کہ یہ نگٹس ان کے ریستوران میں نہیں تیار کیے گئے تھے بلکہ کہیں اور سے بن کر آئے تھے۔ لارا نے کہا کہ’میری بیٹی تو شاید آئندہ مکڈونلڈز کبھی نہیں کھائی گی۔‘ ان کے مطابق والدین کے لیے یہ جاننا اہم ہے کہ اگر آپ اپنے بچے کے لیے ہیپی میل لے رہے ہیں تو ضروری نہیں کہ وہ محفوظ بھی ہو۔ تاہم مکڈونلڈز کے ترجمان نے کہا کہ ان کے برانڈ کے لیے کھانے کا اعلیٰ معیار انتہائی ضروری ہے اور کمپنی بہترین کھانا فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ جونہی کمپنی کو اس واقعے کا علم ہوا تو انھوں نے اپنے سپلائر سے اس حوالے سے پوچھ گچھ شروع کر دی۔