زویا کی فرحان کو راکھی باندھتے تصویر، جاوید اختر پر صارفین کی تنقید

August 10, 2020

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی نغمہ نگار جاوید اختر سوشل میڈیا کے ذریعہ اکثر سماجی اور سیاسی مسئلوں پر اپنی رائے دیتےنظر آ تے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر اپنے بیٹے فرحان اختر اور بیٹی زویا اخترکی وہ تصویر شئیر کی جس میں دونوں بھائی بہن رکشا بندھن کا تہوار منا رہے ہیں۔ تصویر پوسٹ کرتے ہی ٹرول کرنے والے شروع ہو گئے تو جاوید اختر بھی کہاں چپ رہنے والے، انہوں نے بھی ایسے لوگوں کو ایسا منھ توڑ جواب دیا۔سوشل میڈیا پر سرگرم رہنے والے نغمہ نگار جاوید اختر نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر ایک تصویر شیئر کی۔ اس تصویر میں زویا اختر اپنے بھائی فرحان اختر کو راکھی باندھ رہی ہیں۔ اس تصویر کے پوسٹ ہوتے ہی جاوید اختر ٹرولرز کے نشانے پر آ گئے۔ایک صارف نے کمنٹ کیا اور لکھا کہ بھائی صاحب، کم سے کم نہا دھو کر اچھے کپڑے پہن کر یہ کرتے نوٹنکی،منھ اٹھا کے بس کر لی سیکولرازم دکھانے کاٹھونگ‘۔ اس کا جواب دیتے ہوئے جاوید اختر نے لکھا کہ بھائی اچھی اور خوبصورت بات سوچا کرو ،ہمیشہ کڑوی اور بدصورت بات سوچو گے تو زندگی بھی کڑوی اور بدصورت ہو جائے گی‘۔ ایک دوسرے صارف نے لکھا کہ بڑی جلدی یاد آ گیا‘۔ اس کے جواب میں جاوید اختر نے لکھا کہ اتنے دکھی کیوں رہتے ہو بیٹا؟ زندگی میں خوش رہنے کی کوشش کرو‘۔ایک اور صارف نے لکھا کہ’ آپ کا کنبہ تو ملحد ہے۔ تو پھر یہ یقین کہاں سے آیا کہ راکھی کا دھاگہ باندھنے کے بعد بھائی اپنے بہن کی حفاظت کرتا ہے۔ یہ تو ایک ہندو مذہبی عقیدہ ہے‘۔ اس کے جواب میں جاوید اختر نے لکھا ’ ہمارے لئے رکشا بندھن ہندوستانی ثقافت کی ایک بہت خوبصورت روایت ہے‘۔