سشانت سنگھ کے اکاؤنٹ سے ریا کے بھائی اکاؤنٹ میں رقم منتقلی ثابت

August 10, 2020

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)سشانت سنگھ راجپوت کیس میں ہر روز نئے انکشافات ہورہے ہیں ۔ اس کیس میں سی بی آئی اور ای ڈی جانچ کررہی ہے ۔ ای ڈی نے منی لانڈرنگ کے ایک کیس میں سشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کو سمن بھیجا تھا اور اسی سلسلے میں ممبئی میں واقع ای ڈی کے دفتر میں ریا چکرورتی سے پوچھ گچھ کی گئی ۔ ریا کے ساتھ ان کے بھائی شیوک چکرورتی سمیت چار لوگوں سے پوچھ گچھ ہوئی ۔شیوک کے بینک اسٹیٹمنٹ سے ثابت ہوتا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کے اکاؤنٹ سے پیسے براہ راست ان کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کئے گئے تھے ۔ پیسے کوٹک بینک سے ٹرانسفر کئے گئے تھے ۔اداکار سشانت سنگھ راجپوت کو مبینہ طور پر خودکشی کیلئے اکسانے کی ملزم اداکارہ ریا چکرورتی جمعہ کو ای ڈی کی جانب سے درج منی لانڈرنگ کے معاملہ میں مرکزی ایجنسی کے سامنے پیش ہوئیں ۔ ریا اپنے بھائی شیوک کے ساتھ آئی تھیں ۔ ریا چکرورتی کی بزنس مینیجر شرتی مودی بھی ایجنسی کے ذریعہ طلب کئے جانے کے بعد پیش ہوئیں ، مودی راجپوت کیلئے کام کرتی تھیں ۔افسران نے بتایا کہ ریا چکرورتی اور شرتی مودی کا بیان بھی انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے ۔ ایجنسی کے ذریعہ شیوک سے پوچھ گچھ کی بات ابھی واضح نہیں ہوسکی ہے کیونکہ وہ کچھ گھنٹے کے بعد ہی ایجنسی کے دفتر سے باہر آگئے تھے ۔