مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، شکست کے بعد مصباح کی تسلیاں

August 10, 2020

کراچی(عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اوراور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف تین وکٹ کی شکست سےمایوس اور افسردہ ضرور ہیں مگر ہمیں ناامید نہیں ہونا چاہیے، اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میچ کے بعد وہ بھی مداحوں کی طرح دل شکستہ ہیں مگر یہی کرکٹ ہے۔ اتوار کو مانچسٹر سے جنگ کو خصوصی انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ فتح اور شکست کے درمیان ہمیشہ ایک بہت معمولی فرق ہوتا ہے، مگر ہمیں یہ ضرور یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی اور میچ کے آخری سیشن کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے اس ٹیسٹ میچ میں اپنی گرفت برقرار رکھی۔ ہمیں ابھی اپنے کھیل میں 10 سے 15 فیصد بہتری اور دباؤ میں بہتر کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ مایوسی ضرور ہے مگر ہمیں اسے اپنے ذہنوں میں برقرار نہیں رکھنا ورنہ واپسی مشکل ہوگی اور لڑکوں کو بھروسہ ہے کہ وہ ابھی واپس آسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک سنسنی خیز ٹیسٹ میچ تھا اور جس طرح انگلینڈ نے فائٹ بیک کیا انہیں اس کا پور اکریڈیٹ دینا چاہیے، وہ خسارے کا شکار ہونے کے باوجود ہم سے فتح چھین کرلے گئے۔بعض اوقات قسمت آپ کا ساتھ نہیں دیتی، کبھی حریف ٹیم بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتی ہے، یہی کھیل کا حسن ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ شان مسعود کو اس اننگز پر بہت زیادہ سراہنا چاہیے۔ وہ اب ایک مختلف بیٹسمین ہیں اور یونس خان نےبھی اس تبدیلی میں ان کی مدد کی ہے۔