ٹیسٹ رینکنگ، انگلش کرکٹرز کرس ووکس اور جوز بٹلر کی ترقی

August 10, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ کے ہاتھوں تین وکٹوں کی شکست کے بعد جاری ہونے والی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے ۔ٹاپ ٹین بولرز میں پاکستان کے محمد عباس ہیں ۔عباس اور جوش ہیزل ووڈ مشترکہ طور پر دسویں نمبر پر ہیں۔لیگ اسپنر یاسر شاہ رینکنگ میں 22 ویں نمبر آ گئے ہیں۔ انگلینڈ کے کرس ووکس ترقی کرتے ہوئے آل رائونڈرز میں ساتویں اور بیٹنگ میں 18 درجے پھلانگتے ہوئے 78 ویں نمبر پر آگئے جبکہ جوز بٹلر نے 14 درجہ بہتری کے ساتھ 30ویں پوزیشن پر قبضہ کرلیا۔بیٹنگ میں آسٹریلوی اسٹیوا اسمتھ کا پہلا ویرات کوہلی کا دوسرا اور مارنس لابو شین تیسرے نمبر پر ہیں۔ شان مسعود19ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ بولروں میں پیٹ کمنز کا پہلا نیل ویگنرکا دوسرا جبکہ اسٹیورٹ براڈ کا تیسرا نمبر ہے ۔آل رائونڈرز میں انگلینڈ کے بین اسٹوکس کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ یاسر شاہ آل رائونڈرز کی رینکنگ میں 19 ویں نمبر ہیں۔