حب کینال میں دو مقامات پر شگاف، کراچی کو سپلائی بند

August 10, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) حب اور اس کے قریبی علاقوں میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے پانی سےحب کینال میں دو مقامات پر شگاف پڑ گیا جس کے بعد کراچی کو سپلائی بند کر دئی گی گئی جبکہ واٹر بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ یہ ایس او پی ہے کہ جب بارشیں ہو رہی ہوں تو ڈیم سے سپلائی بند کر دی جاتی ہے۔

ترجمان واٹربورڈ کے مطابق حب اور اس کے قریبی علاقوں میں ہونے والی بارش کے پانی نے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی حب کینال کو دو مقامات پر نقصان پہنچایا ہے ،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وزیربلدیات سید ناصر حسین شاہ نے ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ سے رابطہ کیا اور حب کینال کے متاثرہ پشتوں کی فوری مرمت کی ہدایات دیں۔

ان ہدایات کی روشنی میں ایم ڈی واٹربورڈ کی زیرنگرانی واٹربورڈ کے عملے نے بغیر کوئی وقت ضائع کیئے پشتوں کی بھرائی اور مرمت شروع کردی ہے ، توقع ہے کہ پیر کو پشتوں کی مرمت کرکے فراہمی آب کا عمل شروع کردیا جائے گا۔

علاوہ ازیں ترجمان واٹربورڈ کے مطابق دوروزقبل حب پمپ ہاوس میں ہونے والے بجلی کے اچانک بریک ڈاؤن کے باعث0 6 انچ قطر کی مین رائزنگ مین د و مقامات سے پھٹ گئی تھی جس کی دن رات مرمت کرکے متاثرہ لائن سے پانی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے ۔